عوام کے ساتھ فراڈ کرنے والے کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، نیب

لاہور چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ وہ علامتی معاہدوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں، اور اب عوام کے ساتھ فراڈ کرنے والوں کی تصاویر اخبارات میں اشتہارات کے ساتھ شائع کی جائیں گی۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو وہ مقام نہیں دیا گیا جو ان کا حق ہے۔ ان کے مطابق انہیں مختلف چیمبرز اور بزنس فورمز سے 20 کیسز موصول ہوئے جن میں سے 19 کیسز حل کر دیے گئے ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ لاہور رنگ روڈ کے آدھے حصے میں سرکاری زمین کو پہلے نجی افراد کو دیا گیا اور بعد میں دوبارہ حاصل کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں 18 ارب ڈالر کی معیشت کے مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں جامع اصلاحات لا رہا ہے۔ مستقبل میں پراپرٹی کی تمام ٹرانزیکشنز صرف تین افراد کے درمیان ہوں گی اور کوئی بھی ڈیل کیش پر نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق چار سے پانچ ماہ پرانی فائل کی کوئی حیثیت نہیں رہے گی۔

چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ ہر پلاٹ پر بارکوڈ نمبر ہوگا تاکہ فراڈ کا خاتمہ کیا جا سکے، جبکہ تمام منظوریوں کا نظام ایک ہی چھت کے نیچے لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نیب کا نمائندہ ریگولیٹری بورڈ میں بھی شامل ہوگا۔

ان کے مطابق گزشتہ تین سالوں میں 15 ہزار ارب روپے کی ریکوری کی گئی، جبکہ 1999 سے 2023 تک مجموعی ریکوری 880 ارب روپے رہی۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ مافیا کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close