بھارت کبھی نہیں چاہے گا کہ کشمیری خوش رہیں

لاہور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، جس پر وہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج صبح 9 بجے تک مکمل طور پر جاری ہو جانے چاہئیں تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں بھرپور انتخابی مہم چلائی۔ انہوں نے آصفہ بھٹو کو بھی کامیاب انتخابی مہم پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام تک پارٹی کا پیغام مؤثر انداز میں پہنچایا۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان میں صرف دو حلقوں تک محدود تھی اور دیگر علاقوں میں اس کی مؤثر موجودگی نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ فارم 45 کے اجرا سے متعلق پارٹی کو تحفظات تھے، جن پر قمر زمان کائرہ نے بھی بات کی۔

آزاد کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے حوالے سے مختلف آراء موجود ہیں، تاہم ان کے ساتھ مذاکرات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ انتہائی حساس ہے اور بھارت کبھی نہیں چاہے گا کہ کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ خوشحال اور مطمئن رہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close