خواتین کے لیے بڑی خوشخبری! وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کا بڑا صوبہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر صوبے بھر میں مزید 650 ڈے کیئر سنٹرز قائم کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے تاکہ ملازمت پیشہ خواتین کو اپنے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ورکنگ خواتین کی سہولت کے لیے ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں ڈے کیئر سنٹرز کے قیام کا منصوبہ تیزی سے جاری ہے۔ سی ایم اسپیشل انیشی ایٹو کے تحت اس منصوبے کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پہلے مرحلے میں 390 ڈے کیئر سنٹرز قائم کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا، جن میں سے 350 مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں جبکہ 40 مراکز تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ اب اگلے مالی سال تک 650 ڈے کیئر سنٹرز کے قیام کا نیا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ہر ڈے کیئر سنٹر میں بچوں کے لیے تعلیمی مواد، کھلونے، ایل سی ڈی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ تربیت یافتہ کیئر گیورز بچوں کی نگہداشت کی ذمہ دار ہوں گی۔ منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں آیاز کی تنخواہیں محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ ادا کرے گا۔

منصوبے کے تحت دانش سکولوں، گرلز کالجوں، ہسپتالوں، سرکاری دفاتر، لاہور چیمبر آف کامرس اور پنجاب بار کونسل سمیت مختلف اداروں میں بھی ڈے کیئر سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔

لاہور میں 86 ڈے کیئر سنٹرز کے قیام کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جن میں سے 70 فعال ہو چکے ہیں۔ اسی طرح فیصل آباد، بھکر، شیخوپورہ، لیہ، خانیوال، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، وہاڑی، بہاولپور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور سرگودھا سمیت متعدد اضلاع میں بھی ڈے کیئر سنٹرز کام شروع کر چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملازمت پیشہ خواتین کا تحفظ اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ڈے کیئر سنٹرز کا قیام خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close