خبردار!!! دوپہر میں مزدوروں کے کام کرنے پر پابندی ،خلاف ورزی پرکیا ہوگا ؟ بڑی خبر آگئی

متحدہ عرب امارات نے موسم گرما کے دوران کارکنوں کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے کھلے مقامات پر کام سے متعلق سالانہ پابندی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق 15 جون سے ہوگا۔

خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن نے ہدایت جاری کی ہے کہ 15 جون سے 15 ستمبر تک دوپہر 12:30 بجے سے 3 بجے تک براہ راست دھوپ اور کھلی فضا میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعمیراتی، صنعتی اور دیگر بیرونی شعبوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو شدید گرمی اور ہیٹ اسٹریس کے خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔ یہ پالیسی مسلسل 22ویں سال نافذ کی جا رہی ہے اور اسے کارکنوں کی صحت اور سلامتی کے لیے اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہر متاثرہ کارکن کے حساب سے 5 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ متعدد خلاف ورزیوں کی صورت میں جرمانے کی مجموعی رقم 50 ہزار درہم تک پہنچ سکتی ہے۔

اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ قوانین پر عملدرآمد کے لیے خصوصی نگرانی کا نظام بھی فعال رہے گا تاکہ گرمی کے مہینوں میں کارکنوں کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close