چھوٹے کاروباری افراد کے لیے خوشخبری، بڑی مشکل آسان ہو گئی!ً

ملک میں چھوٹے کاروباری افراد کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ وہ اپنے کاروبار کے لیے آسانی سے سرمایہ حاصل کر سکتے ہیں۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے چھوٹے کاروباروں کو سرمایہ کے حصول کے لیے اسٹاک ایکسچینج تک رسائی آسان بنانے کے لیے آئی پی او شرائط میں نرمی کر دی ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق ایس ای سی پی نے شراکت داری میں چلنے والے کاروبار اور لمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنرشپس کے لیے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے سرمایہ حاصل کرنا مزید آسان بنا دیا ہے۔

نئی سہولت کے تحت ایسے کاروبار جو اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے سرمایہ حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ اپنے کاروبار کو ایس ای سی پی میں بطور کمپنی رجسٹر کروا سکیں گے۔

تاہم ابتدائی عوامی پیشکش کے لیے اہلیت حاصل کرنے کی غرض سے وہ کمپنی میں تبدیل ہونے سے قبل اپنے کاروبار کی سابقہ منافع بخش مالی کارکردگی اور مالیاتی گوشواروں کو بھی استعمال کر سکیں گے۔

نظر ثانی شدہ فریم ورک کے تحت اہل کاروبار اب کمپنی کی حیثیت اختیار کرنے سے پہلے اپنی منافع بخش کاروباری گوشواروں کو آئی پی او کے لیے درکار دو سالہ منافع بخش ریکارڈ کی شرط پوری کرنے کے لیے استعمال کر سکیں گے۔

اس اقدام سے ایسے مستحکم کاروباروں کے لیے اسٹاک ایکسچینج سے کاروبار کے فروغ کے لیے سرمایہ حاصل کرنے میں حائل ایک بڑی رکاوٹ دور ہو جائے گی۔ تاہم سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے نظر ثانی شدہ ضوابط میں متعدد حفاظتی اقدامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔

اہل کاروباروں کو گزشتہ کم از کم دو مالی سالوں کے نظر ثانی شدہ مالیاتی گوشوارے تیار کرنا ہوں گے، جن کا آڈٹ کوالٹی کنٹرول ریویو سے منظور شدہ آڈٹ فرم کے ذریعے کیا گیا ہو۔ انہیں اسی مدت کے آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے بھی جمع کرانے ہوں گے، جس دوران کمپنی پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر کام کر رہی ہو۔ اس کے علاوہ اسپانسرز کے تمام حصص لسٹنگ کے دو سال تک تبدیل نہیں کیے جا سکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close