عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے گوشت کو زیادہ عرصے تک محفوظ رکھنا اکثر لوگوں کے لیے ایک اہم مسئلہ ہوتا ہے، تاہم اگر گوشت کو درست طریقے سے اسٹور کیا جائے تو اسے کئی ہفتوں، مہینوں بلکہ ایک سال تک بھی محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق گوشت محفوظ رکھنے کا سب سے مؤثر طریقہ فریزر کا استعمال ہے، تاہم دیگر متبادل طریقے بھی کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔
فریزر میں گوشت محفوظ کرنے کا طریقہ
گوشت کو فریزر میں رکھنے سے پہلے چھوٹے چھوٹے پیکٹ بنا لینا چاہیے اور اسے ہوا سے مکمل طور پر محفوظ رکھنا ضروری ہے۔
اس مقصد کے لیے پلاسٹک بیگز، فریزر کے لیے مخصوص المونیم فوائل یا ائیر ٹائٹ برتن استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ پلاسٹک یا فریزر محفوظ جار اور کنٹینرز بھی مفید رہتے ہیں۔
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ گوشت سے زیادہ سے زیادہ ہڈیاں نکال دی جائیں کیونکہ ہڈیاں فریزر میں زیادہ جگہ گھیرتی ہیں اور بجلی کا خرچ بھی بڑھ جاتا ہے۔
گوشت کتنے عرصے تک محفوظ رہ سکتا ہے؟
- کچا گوشت فریزر میں 4 سے 12 ماہ تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
- کچا قیمہ تقریباً 3 ماہ تک بہتر حالت میں رہتا ہے۔
- پکا ہوا گوشت 2 سے 3 ماہ تک محفوظ کیا جا سکتا ہے۔
واٹر کولر کا استعمال
اگر فریج یا فریزر دستیاب نہ ہو یا بجلی بند ہو جائے تو واٹر کولر بھی عارضی طور پر گوشت محفوظ رکھنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس طریقے میں کولر کی تہہ میں برف رکھی جاتی ہے، پھر گوشت کو اس پر رکھ کر مزید برف سے ڈھانپ دیا جاتا ہے۔ اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ گوشت کے اردگرد مسلسل برف موجود رہے، جبکہ برف پگھلنے پر نئی برف شامل کی جاتی رہے۔
نمک کے ذریعے گوشت محفوظ کرنا
گوشت محفوظ رکھنے کا ایک قدیم اور مؤثر طریقہ نمک کا استعمال بھی ہے۔
اس مقصد کے لیے گوشت کو ائیر ٹائٹ برتن یا بیگ میں رکھ کر مکمل طور پر نمک سے ڈھانپ دیا جاتا ہے اور پھر کسی ٹھنڈی جگہ پر محفوظ رکھا جاتا ہے۔ اس طریقے سے گوشت تقریباً ایک ماہ تک محفوظ رہ سکتا ہے، تاہم استعمال سے قبل اضافی نمک دھولینا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






