تعلیمی اداروں میں موسمِ گرما کی تعطیلات سے متعلق طالبعلموں کے لئے نئی خبر آگئی

تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے موسمِ گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا، جس کے تحت مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں چھٹیاں 15 جون سے 16 اگست تک ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے موسمِ گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔

اس حوالے سے محکمے کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ صوبے کے مختلف علاقوں کے لیے اسکولوں کی بندش کا شیڈول ہے، گرمی کے علاقوں میں قائم پرائمری اسکولز یکم جون سے 31 اگست تک مکمل بند رہیں گے جبکہ مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں چھٹیاں 15 جون سے 16 اگست تک ہوں گی۔

سردی کے علاقوں میں واقع تعلیمی اداروں میں موسمِ گرما کی سالانہ تعطیلات یکم جولائی سے 31 جولائی تک ہوں گی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ میدانی علاقوں کے اسکولوں میں جون 2026ء کے دوران ‘سمر کیمپس’ کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کے لیے محکمے نے سخت اوقاتِ کار اور طریقہ کار وضع کیا ہے۔

سمر کیمپ کی کلاسز پیر سے جمعرات کے دوران صبح 7 بجے سے 9 بجے تک پرائمری اور مڈل اسکولوں کے لیے ہوں گی، جبکہ ہائی اور ہائر سیکنڈری کلاسز صبح 9 بجکر 40 منٹ تک جاری رہ سکیں گی۔

پرائمری اسکول کے طلبہ کو انگلش، جنرل سائنس، جنرل نالج، ریاضی اور اردو پڑھائی جائے گی، جبکہ مڈل اسکول کے طلبہ انگلش، ریاضی، جنرل سائنس اور اردو کی کلاسز لیں گے، ہائی اور ہائر سیکنڈری کلاسز کے لیے سائنس اور آرٹس (ہومینیٹیز) کے مضامین کو سمر کیمپ کے شیڈول میں الگ سے شامل کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اسکولوں کے سربراہان طلبہ کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مضامین اور کلاس کے دورانیے میں ردوبدل کرنے کے مجاز ہوں گے، تاہم کسی بھی صورت میں اسکول کی روزمرہ سرگرمیاں صبح 10 بجے سے آگے نہیں بڑھائی جا سکتیں۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو صرف ان دنوں سمر کیمپ سے استثنیٰ حاصل ہوگا جن دنوں تعلیمی بورڈز کے تحت ان کے پریکٹیکل امتحانات جاری ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close