کھالیں جمع کرنے والوں کیلئے نئی پابندیاں

کراچی:    سندھ حکومت نے عید الاضحی پر کمشنر یا ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد کردی۔تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ نے عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے باقاعدہ ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو حکم نامے پر سختی سے عملدرآمد کرانے اور نیکٹا کے ایس او پیز کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔سندھ حکومت کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ کمشنر یا متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی تحریری اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنے پر مکمل پابندی ہوگی، صرف رجسٹرڈ فلاحی ادارے، مدارس اور منظور شدہ تنظیمیں ہی کھالیں جمع کرنے کی اہل ہوں گی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ کسی بھی کالعدم یا جعلی نام استعمال کرنے والی تنظیم کو کھالیں جمع کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ کھالیں جمع کرنے کے لیے پبلک مقامات پر کیمپ لگانے، بینرز آویزاں کرنے، گاڑیوں یا عمارتوں پر جھنڈے لگانے، اور لاڈ اسپیکر پر اعلانات کرنے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔حکومت نے اجتماعی قربانی کے لیے بھی باقاعدہ اجازت نامہ لازمی قرار دے دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ قربانی کے دوران ذمہ دار افراد پرمٹ اپنے ساتھ رکھیں۔اس کے علاوہ، عید کے موقع پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے 10 سے 12 ذوالحج تک تمام اسلحہ لائسنس معطل رہیں گے۔محکمہ داخلہ سندھ نے واضح کیا ہے کہ زبردستی یا بھتہ خوری کے ذریعے کھالیں جمع کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پی پی سی کے تحت فوری مقدمات درج کیے جائیں گے۔محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ خلافِ ضابطہ یا غیر قانونی طور پر جمع کی گئی کھالیں فوری طور پر ضبط کر کے مجاز فلاحی اداروں کے حوالے کر دی جائیں گی۔ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کھالوں کی وصولی کے مقامات کی مستقل انسپکشن اور کڑی نگرانی کا اختیار دے دیا گیا ہے تاکہ عید کے تینوں دن سیکیورٹی اور نظم و ضبط کو برقرار رکھا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close