لاہور: پنجاب بھر میں اس بار عیدالاضحی پر کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی لگا دی گئی جبکہ ہدایت دی گئی ہے کہ صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے قربانی کی کھالیں وصول کر سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے مسلم لیگ ن علما و مشائخ ونگ کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ وفد کی قیادت ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری نے کی۔پنجاب حکومت نے علما کرام سے درخواست کی کہ خطباتِ جمعہ میں عوام کو منشیات کی روک تھام کے حوالے سے پیغام دیں۔ ۔سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے آئمہ مساجد صاحبان کیلئے 21 ارب کی لاگت سے تاریخی منصوبہ شروع کیا ہے اور اب تک پنجاب بھر میں آئمہ مساجد صاحبان میں 6 ارب روپے بطور اعزازیہ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں جبکہ منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے عوامی آگاہی مہم چلا رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب صوبے میں ہر بچے کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کیلئے لٹریسی پروگرام چلا رہی ہے۔ جیلوں میں موجود ناخواندہ افراد کو وزیراعلی پنجاب لٹریسی پروگرام کے تحت تعلیم دے رہے ہیں۔سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ پرتشدد انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے معاشرے کے دیگر طبقات کی طرح علما کرام کا کلیدی کردار ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے آئمہ کرام کیلئے اعزازیہ پروگرام تاریخی منصوبہ ہے۔ ملکی ترقی کیلئے دینی مدارس میں بھی تعلیم کے معیار کو بلند کیا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے اتحاد بین المسلمین کی کاوشوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






