ون کانسٹیٹیوشن فراڈ میں کون کونسے سیاستدان، بیوروکریٹس، ججز اور بینکرز ملوث؟ محسن نقوی کا انکشاف

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کو تاریخی فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا اس فراڈ میں بااثر سیاستدان، بیوروکریٹس، ججز اور بینکرز ملوث ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں اپنے پرانے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ “ون کانسٹی ٹیوشن” پر میرا موقف آج بھی وہی ہے جو پہلے دن تھا۔

انہوں نے زور دیا کہ ملک میں امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہو سکتا، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔

محسن نقوی نے انکشاف کیا کہ پاکستان کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا اسکیم ہے اور اسکیم میں سیاستدان، بیوروکریٹس،ججز اور بینکرز سب ملوث ہیں،

وفاقی وزیر نے سی ڈی اے کے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا سی ڈی اے کا موقف بالکل درست ہے کہ زمین غیر قانونی طور پر بیچی گئی، اس اسکیم میں ملوث افراد کو 21 سال تک پیسے کھلائے جاتے رہے اور وہ کھاتے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بات صرف عمارتوں کی نہیں ہے، بلکہ ان کرداروں کے پیچھے بھی جانا چاہیے جنہوں نے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے اعلان کیا کہ وہ کمیٹی کے سامنے بھی یہی موقف رکھیں گے اور سی ڈی اے کی مکمل سپورٹ کریں گے، انشااللہ جیت قانون کی ہوگی اور تمام بااثر ملوث افراد کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close