رواں سال فی پاکستانی عازم حج کے لئے قربانی کے اخراجات 720 ریال مقرر کئے گئے ہیں ، جو پاکستانی روپوں میں 54 ہزار بنتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے پاکستانی عازمین قربانی کی مد میں اربوں روپے کے اخراجات کریں گے۔
سرکاری اعداد و شمار کے تحت مجموعی طور پر قربانی کے لیے 9 ارب 67 کروڑ روپے سے زائد کی رقم خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
سعودی ریال میں یہ مجموعی رقم تقریباً 12 کروڑ 90 لاکھ 31 ہزار ریال بنتی ہے، فی عازم حج قربانی کے اخراجات 720 ریال مقرر کیے گئے ہیں، جو پاکستانی روپوں میں تقریباً 54 ہزار روپے بنتے ہیں۔
ساڑھے 11 لاکھ روپے کے مجموعی حج پیکیج میں قربانی کا حصہ تقریباً 5 فیصد ہے۔
رواں برس مجموعی طور پر 1 لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، ایک لاکھ 19 ہزار سے زائد عازمین سرکاری اسکیم کے تحت قربانی دیں گے، جس پر 6 ارب 43 کروڑ 73 لاکھ روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔
پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت جانے والے 60 ہزار عازمین مجموعی طور پر 3 ارب 24 کروڑ روپے (تقریباً 4 کروڑ 32 لاکھ ریال) خرچ کریں گے۔
حکام کے مطابق قربانی کی رقم کی ادائیگی کے بعد عازمین کو سعودی حکومت کے مقررہ نظام کے تحت کوپن فراہم کیے جائیں گے تاکہ نظم و ضبط کے ساتھ فریضہ انجام دیا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






