وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ گفتگو 50 منٹ تک جاری رہی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد کی شرکت کو سراہا اور اہم ملاقاتوں کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے ایرانی صدر کو عالمی رہنماؤں سے ہونے والے اپنے سفارتی رابطوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کوششوں کا مقصد خطے میں پائیدار امن کے لیے اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ تہران اور ایرانی قیادت سے ان کی بات چیت کی تعریف کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور اسحاق ڈار کی امن کاوشوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی باہمی رابطوں اور قریبی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






