شدید بارشیں اور ژالہ باری، محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی نے ہلچل مچا دی

اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہو گیا ہے، جبکہ متعدد علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند اور آمد و رفت معطل ہو کر رہ گئی ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم شاہراہ شونٹر ٹریفک کے لیے بند ہو گئی۔ استور کے مختلف علاقوں ناصر آباد، چھوگام، کلالوٹ، رٹو، نانگا پربت اور شونٹر ٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، جبکہ میرملک، شنکرگڑھ، فقیرکوٹ، چمروٹ، بٹواش اور دیرلے کی وادیوں میں رات گئے سے ہونے والی شدید برفباری نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ وادی نیلم کو دیگر علاقوں سے ملانے والی شاہراہ نیلم دواریاں، شیخ بیلہ اور کیل سیری کے مقامات پر بند ہو چکی ہے، جس کے باعث ٹریفک معطل ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے بند سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ رات وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنس جانے والی سیاحوں کی تقریباً 30 گاڑیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ اسی دوران نیلم کے گاؤں سالخلہ میں پیدل آمد و رفت کے لیے قائم پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔

وادی لیپہ میں بھاری پتھر گرنے سے ایک سرکاری ڈسپنسری مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ ایک اسکول کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسٹ شاہ سیری کے علاقے میں دریا کے کٹاؤ کے باعث زمین کھسکنے کا عمل بھی جاری ہے۔

ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا اور میدانی علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close