لاہور: پنجاب حکومت نے آؤٹ سورسڈ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کی تعیناتی کا اہم فیصلہ کرتے ہوئے مریم نواز کمیونٹی ہیلتھ سروسز پروگرام کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے بھر میں صحت سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کو وسعت دینے کیلئے اضافی فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ گھر گھر صحت سہولیات کی نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت دیہی اور شہری علاقوں میں خصوصاً ماں اور بچے کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے اور پسماندہ علاقوں میں صحت سہولیات کی رسائی بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ محکمہ صحت کو ہدایت کی گئی ہے کہ پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ہیلتھ انسپکٹرز کی کارکردگی کی نگرانی کیلئے مؤثر میکنزم تشکیل دیا جائے، تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






