گاڑی مالکان کی بڑی مشکل آسان ہوگئی

لاہور (آئی این پی) پنجاب ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے ای رجسٹریشن کارڈ متعارف کروا دیا ، جس سے گاڑی مالکان کی بڑی مشکل آسان ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب کے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول نے شہریوں کی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی خدمات کو مزید ڈیجیٹل کر دیا ہے۔محکمے نے گاڑیوں کے مالکان کے لیے ای-رجسٹریشن کارڈ کی سہولت متعارف کرائی ہے، جسے اب ایکسائز کی آفیشل ویب سائٹ سے باآسانی ڈان لوڈ کیا جا سکتا ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ یہ ڈیجیٹل کارڈ جسمانی رجسٹریشن کارڈ کا ایک بہترین متبادل ہے جسے ٹریفک پولیس یا سیکیورٹی حکام کی جانب سے طلب کیے جانے پر دکھایا جا سکتا ہے۔اس اقدام کا مقصد شہریوں کو رجسٹریشن کارڈ کے حصول میں ہونے والی تاخیر سے بچانا اور نظام کو پیپر لیس بنانا ہے۔محکمہ ایکسائز نے اس کارڈ کو حاصل کرنے کے لیے ایک آسان طریقہ کار بھی جاری کیا ہے، جس کے تحت گاڑی کا نمبر اور چیسس نمبر فراہم کر کے فوری طور پر ورچوئل کارڈ حاصل کیا جا سکتا ہے۔شہری اب ویب سائٹ سے اپنا ڈیجیٹل رجسٹریشن کارڈ ڈان لوڈ کر سکتے ہیں، ای-رجسٹریشن کارڈ کا مقصد شہریوں کو پیپر لیس اور آسان سروس فراہم کرنا ہے۔تاہم کارڈ ڈان لوڈ کرنے کے لیے رجسٹریشن اور چیسس نمبر فراہم کرنا لازمی ہوگا، سیکیورٹی اور ٹریفک پولیس کی جانب سے تصدیق کے لیے ورچوئل کارڈ قابلِ قبول ہوگا۔شہری اپنا ڈیجیٹل کارڈ حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے ایکسائز کی آفیشل ویب سائٹ (https://excise.punjab.gov.pk) پر جائیں۔ویب سائٹ پر موجود سروسز (Services) کے مینیو میں جائیں، مینیو بار میں موجود “E-registration Card کے بٹن پر کلک کریں اور نئے پیج پر اپنی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور چیسس نمبر درج کریں۔اس کے بعد سرچ کا بٹن دبائیں، تصدیق مکمل ہوتے ہی آپ کا ای-رجسٹریشن کارڈ اسکرین پر آ جائے گا جسے آپ ڈان لوڈ کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close