لکی مروت میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس رائیڈر اسکواڈ پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سعید خیل قبرستان کے قریب پیش آیا۔ شہید اہلکار کی شناخت ساجد جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت محمد وقاص کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں اہلکاروں کو سٹی اسپتال لکی مروت منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق کمیٹی کے رضاکاروں اور پولیس کی بھاری نفری دہشت گردوں کے تعاقب میں روانہ ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ لکی مروت میں گزشتہ کئی ماہ سے پولیس اہلکاروں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ رواں سال فروری میں بھی سرائے نورنگ کے گاؤں نصر خیل میں مسلح افراد نے کانسٹیبل دستگیر کو ان کے گھر میں اہلخانہ کے سامنے فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا، جبکہ بعد ازاں ان کے گھر کو بھی آگ لگا دی گئی تھی۔






