پاکستانی عازمینِ حج کی بڑی مشکل آسان ہوگئی

لاہور پاکستانی عازمینِ حج کی بڑی مشکل آسان ہوگئی، لاہور ایئرپورٹ کو بھی باضابطہ طور پر روڈ ٹو مکہ منصوبے میں شامل کر لیا گیا ۔تفصیل کے مطابق حکومتِ پاکستان اور سعودی عرب کی کوششیں رنگ لے آئیں، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کو باضابطہ طور پر روڈ ٹو مکہ منصوبے میں شامل کر لیا گیا ہے۔اس فیصلے سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ہزاروں عازمینِ حج کی ایک بڑی مشکل حل ہو گئی ہے۔لاہور ایئرپورٹ پر ڈائریکٹر آپریشن حج سعودی فواذ سعود الشریفی نے ایئرپورٹ انتظامیہ کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں انہوں نے منصوبے کی تفصیلات پر بریفنگ دی۔سعودی حکام نے لاہور ایئرپورٹ انتظامیہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ اس سال لاہور سے روانہ ہونے والے تمام عازمینِ حج کی امیگریشن کا عمل پاکستان میں ہی مکمل کیا جائے گا۔روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت عازمین کی سعودی امیگریشن اور کسٹم کلیئرنس پاکستان کے ایئرپورٹس پر ہی سعودی حکام کے ذریعے مکمل کر لی جاتی ہے۔اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ حجاج کرام کو سعودی عرب پہنچنے پر طویل قطاروں اور انتظار کی زحمت نہیں اٹھانی پڑتی اور وہ ایئرپورٹ سے سیدھے اپنی رہائش گاہوں کو روانہ ہو جاتے ہیں۔اس سے قبل یہ سہولت صرف کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دستیاب تھی۔ اب لاہور کی شمولیت کے بعد کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے روانہ ہونے والے عازمین ون ٹائم امیگریشن کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے حج فلائٹ آپریشن مزید شفاف اور آسان ہو جائے گا، جس سے بزرگ اور بیمار حجاج کو خصوصی ریلیف ملے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close