سابق کپتان یونس خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں اہم ذمہ داریاں سونپنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ان سے رابطہ کیا اور لیجنڈری بیٹر نے کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔
یونس خان کا نام پی سی بی کے نئے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کے طور پر بھی مجوزہ فہرست میں شامل ہے، اور بورڈ اس بات کا خواہاں ہے کہ سرفراز احمد اور مصباح الحق کی طرح یونس خان کی خدمات سے کرکٹ کے معاملات میں مزید بہتری لائی جائے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے یونس خان سے رابطہ کیا ہے اور انہوں نے اپنی دستیابی ظاہر کی ہے، اور معاملات طے ہونے کی صورت میں چند دن میں یونس خان کی باقاعدہ تقرری کا اعلان متوقع ہے، جس کی منظوری چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دیں گے۔
واضح رہے کہ یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچز میں 10 ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں، 265 ون ڈے میچز اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، اور وہ ماضی میں قومی ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






