پاکستان نے مشکل گھڑی میں سعودی عرب کو بڑی یقین دہانی کرا دی

وزیر اعظم شہباز شریف نے فیصل بن فرحان کو یقین دہانی کروائی ہے کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں شہباز شریف نے سعودی وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا اور شاہ سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے بھی خیرسگالی کا پیغام دیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا، جبکہ وزیر اعظم نے موجودہ علاقائی بحران میں سعودی قیادت کے صبر و تحمل کو سراہا۔

شہباز شریف نے اس موقع پر حالیہ سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے متحرک ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ فیصل بن فرحان نے خطے کی صورتحال پر سعودی عرب کے مؤقف سے آگاہ کیا اور پاکستان کے کردار کو سراہا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close