اپنا گھر بنانے کے لیے آسان شرائط پر قرض ! بڑی خبر آگئی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنا گھر ہر شہری کا حق ہے، آسان شرائط پر قرض فراہمی اولین ترجیح ہے، اس شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات پر اجلاس ہوا۔

اجلاس میں تعمیرات اور ہاؤسنگ سیکٹر پر قائم ٹاسک فورس اور ورکنگ گروپس نے اپنی تجاویز پیش کیں جبکہ کم لاگت گھروں کی فراہمی اور شعبے میں روزگار کے اضافے کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے اپنا گھر ہر شہری کا حق اور آسان شرائط پر قرضوں کے حصول کو اولین ترجیح قرار دیا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ تعمیراتی شعبے میں تیزی آنے سے ملک میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انھوں نے سمندر پار پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے ان کی سرمایہ کاری کے مکمل تحفظ کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام قانونی اور انتظامی رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے اور ایک قابل عمل حکمت عملی مرتب کی جائے جس پر فی الفور عملدرآمد شروع ہو سکے۔

اس حکمت عملی کی تشکیل میں تمام اسٹیک ہولڈرز (تعمیراتی ماہرین اور سرمایہ کاروں) کو شامل کیا جائے تاکہ زمینی حقائق کے مطابق فیصلے ہوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ”اپنا گھر“ ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے اور حکومت نجی شعبے کے تعاون سے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے جس سے فائدہ اٹھا کر معیشت کو استحکام دیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close