ایران کیخلاف جنگ ختم کروانے کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکی صدر سے رابطہ، برطانوی جریدے میں انکشاف

برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان خود کو امریکا اور اسرائیل کے درمیان ایران سے متعلق کشیدگی کم کرنے کیلئے ایک اہم ثالث کے طور پر پیش کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے گفتگو کی، جس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستانی حکام نے پسِ پردہ امریکی اور ایرانی شخصیات کے درمیان رابطوں میں بھی کردار ادا کیا، تاہم یہ واضح نہیں کہ ان کوششوں کا حالیہ پیش رفت سے براہ راست تعلق ہے یا نہیں۔

دوسری جانب خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور مصر امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں مصروف ہیں، جن کا مقصد خطے میں بڑھتی کشیدگی کو کم کرنا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے بجلی گھروں پر حملے پانچ روز کیلئے مؤخر کرنے کا اعلان کیا اور مذاکرات کو مثبت قرار دیا، تاہم ایران نے امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی تردید کر دی ہے۔

ادھر عالمی منڈی میں بھی ردعمل دیکھنے میں آیا جہاں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ برطانوی وزیراعظم اور عمانی وزیر خارجہ نے بھی مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close