نوجوانوں کیلئے 60 ہزار ماہانہ انٹرن شپ پروگرام

لاہور میں نوجوانوں کے لیے کلائمیٹ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت شرکاء کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے “کلائمیٹ لیڈرشپ ڈیولپمنٹ انٹرن شپ پروگرام” کا باقاعدہ آغاز کیا۔

اس پروگرام کے تحت منتخب نوجوانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیار کی تربیت بھی دی جائے گی۔ انٹرن شپ کے دوران نوجوانوں کو 60 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا جبکہ تین ماہ کی مدت مکمل ہونے پر حکومت پنجاب کی جانب سے انٹرن شپ سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا جائے گا۔

پروگرام میں طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے 50 فیصد نشستیں مخصوص کی گئی ہیں جبکہ خودکار میرٹ سسٹم کے تحت ہر ضلع کے نوجوانوں کو نمائندگی کا موقع دیا جائے گا۔

اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو یونیسکو کی سرٹیفکیشن حاصل کرنے کا موقع بھی مل سکے گا۔ انٹرنیز کو انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی کے افسران کے ساتھ کام کرنے اور ماحولیاتی پالیسی یونٹ کا عملی تجربہ بھی حاصل ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب خصوصاً لاہور میں ماحولیاتی آلودگی کا گراف نیچے آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے مشن میں نوجوانوں کی شمولیت کا خیرمقدم کیا جائے گا اور ہر نوجوان اس پروگرام کے ذریعے ماحول کی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

خواہشمند نوجوانوں کے لیے آن لائن درخواست دینے کا پورٹل بھی کھول دیا گیا ہے جہاں وہ گھر بیٹھے اس پروگرام میں شرکت کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close