لکی مروت: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کی ٹرائبل سب ڈویژن میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد کے دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ اچانک سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی زوردار دھماکے سے پھٹ گئی۔ دھماکے کی شدت کے باعث پولیس گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی اور اس میں سوار چھ اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ شہدا میں علاقے کے ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ شہید اہلکاروں کی لاشیں اور زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملے میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔ تاحال کسی گروپ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایس ایچ او سمیت شہید ہونے والے تمام پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے ملک کے پُرامن مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور شہدا قوم کا فخر ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






