عمران خان کی رہائی کیلئے کارکنان جدوجہد نہیں کر رہے ؟ سہیل آفریدی نے بڑی بات کہہ دی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے مسلسل جدوجہد جاری ہے، تاہم کامیابی میں رکاوٹ اس لیے پیش آرہی ہے کیونکہ بعض لوگ پوری دلجمعی کے ساتھ جدوجہد نہیں کر رہے۔

پشاور میں خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ہر شخص اپنی ذمہ داری دوسرے پر ڈال رہا ہے اور مصلحت کا شکار ہوکر پیچھے ہٹ رہا ہے، تاہم 27 ستمبر کو ایسا نہیں ہوگا اور سب کو اپنی ذمہ داری خود نبھانا ہوگی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کارکنوں کو گرفتاریوں سے نہ گھبرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان جیل کی مشکلات برداشت کر رہے ہیں تو ٹکٹ ہولڈرز کو بھی جیل جانے سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یاسمین راشد مشکلات اور ظلم برداشت کرسکتی ہیں تو دوسروں کو بھی مشکل حالات کا سامنا کرنے سے نہیں گھبرانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار وہ چاہتے ہیں کہ گرفتاریوں سے خوفزدہ ہونے کے بجائے 27 ستمبر کو ممبرانِ اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو گرفتار کیا جائے، تاکہ عوام ان کی طرف دیکھنے کے بجائے خود باہر نکلیں۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ جب کوئی تحریک عوامی سطح پر لیڈر کے بغیر شروع ہوجائے تو اسے کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔