پاک چین کے وزرائے خارجہ کا رابطہ،مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے پر زور

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس کے دوران مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے پر زور دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس رابطے میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی پیشرفت پر گفتگو کی۔ اسحاق ڈار نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر فوری طور پر تناؤ کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

چینی وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی تعمیری کوششوں کو سراہا۔ پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسائل کے حل کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری کو فروغ دینا ضروری ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان “آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر شپ” کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close