ناگون: (ویب ڈیسک) بھارت میں اپنی نوعیت کا انوکھا سیلون توجہ کا مرکز بن گیا جہاں پر نائی نے اپنی دکان میں آنے والے گاہکوں کیلئے لائبریری کھول دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ناگون ضلع کے رہدلا گاؤں کے رہنے والے دیپ بوردولوئی کو جلمل بوردولوئی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، دیپ بوردولوئی ایک تعلیم یافتہ نوجوان ہے جس نے دکان چلا کر خود انحصاری کا خواب دیکھا۔رپورٹس کے مطابق دکان کے مالک دیپ کمار بوردولوئی کا کہنا تھا کہ مجھے کتابیں پڑھنا پسند ہے، میں نے یہ سیلون 2016 میں شروع کیا تھا، ہمارے علاقے میں زیادہ سیلون نہیں ہیں اور میں لوگوں کو اپنی باری کا انتظار کرتے نہیں دیکھ سکتا تھا۔
سیلون کے مالک نے بتایا کہ چونکہ مجھے بھی کتابیں پڑھنا پسند ہے اس لئے میرے ذہن میں خیال آیا، کیوں نہ کچھ کتابیں یہاں بھی رکھ دوں تاکہ لوگ اپنی باری آنے تک کتابیں پڑھ سکیں اور بوریت کا شکار نہ ہوں، اس کے علاوہ جب گاہک نہیں ہوتے تو میں بھی کتابیں پڑھ سکتا ہوں۔اُنہوں نے کہا کہ آج کل کتابیں بھی مہنگی ہیں اور ہمارے علاقے میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جو انہیں خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے، میری دکان میں آکر وہ مفت بھی پڑھ سکتے ہیں۔نائی نے مزید بتایا کہ مجھے لوگوں کی طرف سے اچھا رسپانس ملا ہے، خاص طور پر یہاں آنے والے نوجوان اکثر بال کٹوانے کے لئے اپنی باری کا انتظار کرتے ہوئے کتابیں پڑھنے میں مگن رہتے ہیں۔
ایک مقامی طالبعلم پرناب ڈیکا کا کہنا تھا کہ ہم یہاں باقاعدگی سے آتے ہیں، جب بھی ہمیں یہاں اپنی باری کا انتظار کرنا پڑتا ہے تو ہم کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں۔دکان میں موجود ایک گاہک کا کہنا تھا کہ میں پچھلے کئی سالوں سے یہاں بال کٹوانے کیلئے آ رہا ہوں، باردولوئی کی جانب سے اٹھایا گیا یہ قدم انتہائی خوش آئند ہے اور یہ سیلون ہمارے لئے ایک لائبریری کی مانند ہے۔ہمارے گاؤں میں ایک پبلک لائبریری ہوا کرتی تھی، لیکن وہاں کتابیں زیادہ نہیں ہیں، میں جب بھی یہاں آتا ہوں اور لمبی قطار دیکھتا ہوں تو پڑھنے کیلئے کچھ اٹھا لیتا ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں