مہنگا ترین کھلاڑی ہونے کا اعزازکس معروف کھلاڑی کے نام ؟ جانیں

رشبھ پنت نے انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) کی نیلامی میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے مہنگا ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں 2025 کے انڈین پریمیئر لیگ کے لیے میڈیا پر براہ راست نشر کی جانے والی نیلامی میں لکھنئو سپر گیانٹس نے بھارت کے وکٹ کیپر بیٹسمین کو 32 لاکھ ڈالر تقریباً 27 کروڑ بھارتی روپے کے عوض خرید لیا۔رشبھ پنت کے لیے لکھنئو سپر گیانٹس کی جانب سے ادا کی جانے والی رقم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 88 کروڑ 81 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

رشبھ پنت کے لیے کامیاب بولی نے، پنجاب کنگز کی جانب سے چند منٹ قبل شریاس آئر کے لیے ادا کیے جانے والے 31 لاکھ 70 ہزار ڈالر تقریباً 26 کروڑ 70 لاکھ بھارتی روپے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، اس طرح شریاس آئر چند منٹ ہی آئی پی ایل کے مہنگے ترین کھلاڑی رہ سکے۔انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) کے لیے پہلے مرحلے میں کرکٹ سے وابستہ بہترین کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کی نیلامی کا عمل سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہوا۔

اس سے قبل دہلی کیپٹل نے رشبھ پنت کو اپنے ساتھ روکے رکھنے کے لیے رائٹ ٹو میچ کارڈ ( آر ٹی ایم ) کے تحت 20 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے کی پیشکش کی تھی تاہم لکھنئو سپر گیانٹس کی جانب سے 27 کروڑ بھارتی روپے کی خطیر پیشکش نے دہلی کیپٹل کو نیلامی سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

رشبھ پنت 2016 سے دہلی کیپٹل کا حصہ رہے ہیں تاہم اس نیلامی کے بعد اب وہ لکھنئو سپر گیانٹس میں شامل ہوگئے، دہلی کیپٹل نے رشبھ پنت کو 2021 کے سیشن کے دوران شریاس آئر کے زخمی ہونے کے بعد کپتان کا عہدہ بھی دیا تھا، انہیں 2022 کے آئی پی ایل میں بھی بطور کپتان برقرار رکھا گیا۔

پنت نے دسمبر 2022 میں ایک کار حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد 2024 کے آئی پی ایل میں کم بیک کیا تھا۔ان کی واپسی پر بھی دہلی کیپٹل نے انہیں کپتان کے عہدے پر برقرار رکھا تھا، 2024 کے سیزن میں واپسی کے بعد رشبھ نے اپنی ٹیم کے لیے 446 رنز بنائے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں