عمران خان کے ساتھ تھا اور آئندہ بھی ان کے ساتھ رہنا ہے، چوہدری پرویز الٰہی کا اعلان

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ پہلے بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ تھا اور آئندہ بھی ان کے ساتھ رہنا ہے۔

اپنے حالیہ بیان میں صدر تحریک انصاف چوہدری پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ رہائی کے بعد پہلا موقع ہے کہ میں باہرآیا ہوں ، ڈیل اور ڈھیل کی باتیں کرنے والے سن لیں سوا سال جیل میں رہا ہوں۔ صدر پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میرے کچھ رشتہ دار اور وزیر د اخلہ محسن نقوی غلط باتیں باتیں کررہے ہیں، گرنے سے میری پانچ پسلیاں ٹوٹیں اللہ تعالی نے میری جان بچائی، اللہ تعالیٰ نے میری جان کسی مقصد کے لئے بچائی ہے۔ پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ڈیل اور ڈھیل کی باتیں کرنے والوں کی یہ غلط فہمی ہے وہ اپنا منہ بند رکھیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف جلد اقتدار میں آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چوری کرنے والے گجرات کے لوگوں سے پہلے معافی مانگیں، جب تک معافی نہیں مانگتے کوئی بات نہیں ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں