سابق وزیراعظم، سابق سپیکر، سابق وزیر اعلیٰ اور سابق وفاقی وزیر نادہندہ نکلے، کون کون شامل؟

اسلام آباد(پی این آئی)سابق وزیراعظم عمران خان، سابق سپیکر راجہ پرویز اشرف، سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید سمیت متعدد سیاسی رہنما الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نادہندہ نکلے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو ان رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے سے پہلے جرمانہ وصول کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ریٹرننگ افسران کو لکھے گئے مراسلے کے مطابق قومی اور صوبائِی اسمبلیوں اور مقامی حکومتوں کے انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق خلاف ورزیاں کی گئیں جس پر امیداروں اور سرکاری عہدیدران کی جانب سے جرمانہ کیا گیا لیکن انھوں نے وہ جرمانہ جمع نہیں کروایا۔
الیکشن کمیشن نے جرمانے کے خلاف ان سیاست دانوں کی اپیلوں کو مسترد کیا۔
مراسلے کے ساتھ ریٹرنگ افسران کو نادہندہ افراد کی فہرست فراہم کی گئی ہے اور تاکید کی گئی ہے کہ آر او کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران جرمانہ کی وصولی کو یقینی بنائیں۔
اس فہرست کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے چار مرتبہ مرتکب ٹھہرے تھے اور پر 2 لاکھ روپے عائد کیا گیا لیکن وہ تاحال نادہندہ ہیں۔ سابق وزیر اعظم 3 مقامی حکومتوں اور ایک قومی اسمبلی کے انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کے مرتکب ہوئے تھے۔
اسی طرح سابق وزیراعلی محمود خان پر ضابطہ اخلاق کی 3 خلاف ورزیوں پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا تھا لیکن وہ بھی تاحال نادہندہ ہیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف پر بھی 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا لیکن انہوں نے بھی ادائیگی نہیں کی تھی۔
سابق وفاقی وزیر مراد سعید ایک لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں۔ ان کے علاوہ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، علی گوہر بلوچ، اعظم خان سواتی بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نادہندہ ہیں۔
نواب شیر وسیر، پیر صابر شاہ، فیصل نیازی خان، تیمور جھگڑا، شوکت علی یوسف زئی، کامران بنگش ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نادہندہ ہیں۔
لیگی رہنماؤں شکیل خان اور طاہر جمیل سمیت مجموعی طور ڈیڑھ سو افراد ضابطہ اخلاق خلاف ورزی پر نادہندہ ہیں۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کے عمل کو آسان بنانے کی غرض سے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں آن لائن سہولت مرکز قائم کر رکھا ہے۔
آن لائن سہولت مرکز کی معاونت نادرا، قومی احتساب بیورو، ایف آئی اے، ایف بی آر اور سٹیٹ بینک کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے سیکریٹری پاور ڈویژن، سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن، سیکریٹری نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن ڈویژن، سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویژن، چاروں چیف سیکریٹریز اور چیئرمین سی ڈی اے کو بھی تحریری طور پر مطلع کیا ہے کہ وہ ریٹرننگ افسران سے امیدواران کی فہرستیں حاصل کریں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نادہندہ امیدواران کاغذاتِ نامزدگی کی چانچ پڑتال کے دوران 25 تا 30 دسمبر 2023 تک متعلقہ ریٹرننگ آفیسر سے رجوع کریں۔ نادہندگان سے واجبات کی وصولی یقینی بنائی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں