پی ٹی آئی نے بھی قاضی فائز عیسی کو بطور چیف جسٹس حلف اٹھانے پر مبارکباد دیدی

اسلام آباد(آْئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قاضی فائز عیسی کو ملک کے 29ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے،سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں تحریک انصاف نے چیف جسٹس سے انصاف کے تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی امید کا اظہار کیا،

ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ نو منتخب چیف جسٹس آئین و قانون کے اصولوں کے تحت انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کریں گے، ایک آزاد اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہمیشہ عدل و انصاف پر قائم ہوتی ہے،بیان میں کہا گیا کہ جن معاشروں کے لوگوں کو عدل و انصاف میسر نہ ہو وہ معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں، شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور عدل و انصاف تک رسائی کی ذمہ داری عدلیہ پر عائد ہوتی ہے، پی ٹی آئی قانون کی پاسداری کرنے والی جماعت ہے جس کا نظریہ قانون کی بالادستی اور عدل و انصاف کے اعلی ترین اصولوں پر مبنی ہے،چئیرمین تحریک انصاف کی 27سالہ سیاسی جدوجہد میں ہر قدم پر قوم کو آئین و قانون کی پاسداری کی تلقین کی گئی،تحریک انصاف چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اورملک کے نظامِ عدل سے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے موثر اقدامات کی متقاضی ہے، امید کرتے ہیں کہ سیاسی قیدیوں بالخصوص جیلوں میں قید خواتین کے آئینی حقوق کا تحفظ چیف جسٹس کی اولین ترجیح ہو گی،جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کے لواحقین بھی حصولِ انصاف کی آس میں چیف جسٹس کی جانب دیکھ رہے ہیں، اس وقت آئین کے تقدس اور قانون کی حرمت کیلئے قوم کی امیدوں کا مرکز و محور صرف عدلیہ ہے،بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی خاطر نو منتخب چیف جسٹس کو اپنے مکمل تعاون کایقین دلاتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں