نگران وزیراعظم کی کابینہ تشکیل کیلئےمشاورت شروع، اہم وزارتوں کیلئے متوقع نام سامنے آگئے

اسلام آباد(پی این آئی ) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنی نگران کابینہ کی تشکیل جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے مختلف شخصیات سے رابطے تیز کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم نے اپنی کابینہ کو مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم، تمام شخصیات کے پروفائل کا خود جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ نیو نیوز کے ذرائع کے مطابق نگران کابینہ کا سائز 15 سے 20 وزراء پر مشتمل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نگران وزیراعظم نے اپنے رفقا سے گفتگو میں کہا کہ معاشی مشکلات کے شکار ملک پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا، میرا پروٹوکول اور اخراجات کم سے کم رکھے جائیں تاکہ عوام کو مشکلات نہ ہوں۔

ذرائع کے مطابق نگران کابینہ کے لیے اس مختلف ناموں پر غورجاری ہے جن میں حفیظ شیخ، جلیل عباس جیلانی، شعیب سڈل، احسن بھون، سرفرازبگٹی اور ذوالفقارچیمہ کے نام زیرغور ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ جلیل عباس جیلانی کو وزارت خارجہ کا قلم دان دینے کا امکان ہے جبکہ سابق وزیرا طلاعات محمد علی درانی کو وزارت اطلاعات اور معروف بینکار سلطان علی الانہ کو نگران کابینہ میں وفاقی وزیر خزانہ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں کابینہ کا اعلان کیا جا سکتا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں