اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 49 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔۔۔۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا جس میں حیدرآباد، سکھر موٹروے کیلئے 9.5 ارب روپے کی ریاستی گارنٹی اور نئے گوادر بین الااقوامی ائرپورٹ منصوبے کے لیے 83کروڑ 91 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔۔۔۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیلئے 12 کروڑ 14 لاکھ روپے اور وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے 70 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔۔۔۔۔
وزیر خزانہ نے ملازمین کی پنشن کے مسائل حل کرنے کی منظوری دی، وزارت انسانی حقوق کیلئے 11 کروڑ 65 لاکھ اور جامشورو میں کوئلے سے چلنے والی بجلی کے منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے 9 ارب 14کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔۔۔۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں خیبرپختونخوا میں سابقہ فاٹا کے علاقوں میں لیویز سینٹر کے قیام کیلئے 4کروڑ 70لاکھ، اقوام متحدہ میں امن مشن دستوں کیلئے 47 کروڑ اور سانحہ سوات کے شہدا اور زخمیوں کے لیے 4کروڑ 95لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔۔۔۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں وزارت پارلیمانی امور کیلئے 4 کروڑ 84 لاکھ اور نیکٹا ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کیلئے 11کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں