مفتاح اسماعیل نے مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مستقبل میں اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کر دیا ہے۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں بہت سارے دوست ہیں، میں مسلم لیگ ن میں ہی ہوں اور مستقبل میں الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا، مجھے وزیر بنانا وزیرِ اعظم کا حق ہے اور ہٹانا بھی انہی کی صوابدید ہے۔جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مجھے علم نہیں کہ ڈار صاحب کو کیوں لایا گیا لیکن انہوں نے کوشش کی جس سے پاکستان کو بڑا نقصان ہوا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اسحاق ڈار نے پبلک میں میرے خلاف بات کی، میری صلاحیت پر سوالات اٹھائے جس کا میں نے جواب دیا، پارٹی نے میرے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اسحاق ڈار نے سوچا کہ شاید وہ آئی ایم ایف کے بغیر چل سکتے ہیں، حکومت اس بات پر راضی ہو گئی ہے کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ماننی پڑیں گی۔ معیشت کے حوالے سے متعدد سوالات کے جواب میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہمیں امپورٹ کم اور ایکسپورٹ کو بڑھانا پڑے گا، آئی ایم ایف کی شرائط کو مان کر طویل مدتی کام کیا جاسکتا ہے۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ ہر ملک ہم سے آگے نکل رہا ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے ملک میں گورننس ٹھیک نہیں، ہمیں ملک میں گورننس ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں