ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں شکست، شاداب نے پاکستانی فینز سے معافی مانگ لی

میلبرن(پی این آئی)قومی ٹیم کے آل رانڈر شاداب خان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل نہ جیتنے پر پاکستانی فینز سے معافی مانگ لی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر دوسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، 139 رنز کے کم ہدف کے باوجود پاکستانی بولرز نے شاندار مقابلہ کیا اور انگلینڈ کو 19 اوور کے بعد فتح نصیب ہوئی۔پاکستانی ٹیم کی شکست کے باوجود سابق ملکی و غیر ملکی کرکٹرز

اور کرکٹ ماہرین کی جانب سے قومی ٹیم کے بولرز کی تعریف کی گئی اور بھارت سے تعلق رکھنے والے سابق لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر نے تو یہاں تک کہا کہ اگر شاہین انجرڈ نہ ہوتے تو فائنل مزید دلچسپ ہونا تھا۔میچ کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، خوشدل شاہ اور حارث رئوف کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کیے گئے۔شاداب خان نے لکھا کہ تمام پاکستانی فینز کا شکریہ کہ وہ مسلسل ہمیں سپورٹ کرتے رہے، ہم نے اپنا پورا زور لگایا

تاہم ٹرافی حاصل نہ کر سکے۔قومی آل رائونڈر نے کہاکہ آپ لوگوں کو مایوس کرنے پر معذرت چاہتا ہوں تاہم ہم ایک ٹیم کی حیثیت سے خود کو بہتر کرنے کی کوشش کریں گے اور اس سے زیادہ مضبوط ہو کر واپس آئیں گے۔شاداب خان نے کہاکہ ہم پر اعتماد کرنا نہ چھوڑیں کیونکہ آپ کا یقین ہی ہمیں مضبوط بناتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں