خاتون جج کو دہمکی، عمران خان کی تقریر نامناسب ضرور تھی لیکن دہشت گردی کی دفعہ نہیں لگتی، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر نامناسب ضرور مگر دہشت گردی کی دفعہ کیسے لگ گئی؟ یہ بہت سیریس نوعیت کا الزام ہے کوئی معمولی الزام نہیں، اس دفعہ کو اس طرح نہ بنائیں۔ اس تقریر کے بعد کوئی حملہ کیا ہو؟ آئی جی کے آفس پر حملہ کیا ہو؟ وہ بتائیں، اس قانون کو ایسے نہ بنائیں کہ عام قانون بن جائے، یہ بہت اسپیشل قانون ہے جو دہشت گردوں پر لگتا ہے۔ خاتون جج کو دھمکی دینے کے مقدمے میں عمران خان کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کی۔ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر، اسپیشل پراسیکوٹر رضوان عباسی اور کیس کے تفتیشی افسر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ بے چارے پولیس والے شہید ہوئے ہیں اس قسم کے واقعات پر لگتا ہے، آئی جی صاحب کیا اتنے کمزور ہیں کہ ان کے کہنے سے وہ متاثر ہو جائیں، آپ اس کو کنفیوز نہ کریں اس پر الگ سے توہین عدالت کی کارروائی چل رہی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آخری سماعت میں کہا تھا کہ عمران خان تفتیش جوائن کریں جس پر پراسیکوٹر راجہ رضوان عباسی نے بتایا کہ عمران خان نے تفتیش جوائن کی ہے، عدالت نے پوچھا کہ تفتیشی افسر بتائیں گے کیا دہشت گردی کی دفعہ لگتی ہے یا نہیں؟ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ دہشت گردی کی دفعہ اس کیس میں لگتی ہے۔ عدالت نے عمران خان کے خلاف دہشت گردی کی دفعہ لگنے یا نہ لگنے سے متعلق جے آئی ٹی سے پیر تک رپورٹ طلب کر لی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں