اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو سیاسی ڈائیلاگ شروع کرنیکامشورہ دے دیا۔ہفتہ کو نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ملک کوایک نئے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے جس میں ڈائیلاگ ہوناچاہیے کہ ملک کے معاملات کوکیسے چلائیں گے، سیاسی جماعتیں بیٹھ کر آئین کے مطابق وسیع اصول طے کرلیں، آگے بڑھنے کا راستہ بنائیں کہ سیاسی نظام کیسے چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ کیا گالی گلوچ اور لوگوں کو حملہ آور ہونے کی شے دینے سے نظام چل جائے گا؟ ہمیں طے کرنا ہے کہ یہ سیاسی نظام ہے، دشمنی نہیں، کوشش توکرنی پڑیگی، یہ صرف سیاسی نظام تک محدود نہیں، آج کی معاشی صورتحال اس طرف جانے پر مجبورکریگی۔سابق وزیراعظم کاکہنا تھا کہ آج بھی معاشی حالت عقل نہیں دے رہی توپھرمجھے بہت مشکلات نظرآتی ہیں، وزیراعظم کوڈائیلاگ کرناچاہیے کیونکہ سیاست آج منقسم ہے، سب کو دعوت دیں، پورے جذبے اور نیک نیتی کے ساتھ دعوت دیں،
ڈائیلاگ میں پارٹی کے لیڈرز بیٹھیں، وہ مشورے کرکے اپنی رائے لے کر آئیں۔(ن)لیگ کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ جہاں پر ہرطریقے سے حکومت کو کمزور کیا جائے تو یہ انتشار کا راستہ ہے، سیاست کو ملکی مفاد کے لیے استعمال ہونا چاہیے، معاملات کو بگاڑنے میں نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج الیکشن کسی چیز کا حل نہیں مگر اگلے سال الیکشن نہیں ہوئے تو مزید انتشار ہوگا، ہم سب کا فرض ہے کہ اپنی ناک سے آگے اور اپنے سیاسی مفاد سے آگے دیکھیں، جتنی جلدی ہوسکے ڈائیلاگ کا آغاز کرنا چاہیے اور انتظارمت کریں،
ہاتھ آگے بڑھائیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاسی فائدے کی بات نہیں، آج ہمیں ملک کے مفاد کو ترجیح دینا پڑیگی، سیاسی ڈائیلاگ کی بات پہلے بھی کرتا رہا ہوں، وزیراعظم سے کہوں گا، وزیراعظم یہ پروگرام دیکھ رہے ہوں گے، نہ دیکھا تو کل ان سے کہوں گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں