اسلام آباد (پی این آئی)وزیراعظم نے ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پورا احساس ہے ہمارا تنخواہ دار طبقہ تکلیف میں ہے، پوری کوشش ہے لوگوں کی آمدنی میں اضافہ کریں۔دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نوشکی میں جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے واقعہ کی چین میں خبر ملی، دہشتگردوں کو شکست دینے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فوج کے جوانوں کو پیغام دینے کیلئے
نوشکی آیا ہوں، پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہمیں اپنے جوانوں پر پورا اعتماد ہے، ہمیں اعتماد ہے پاکستان میں کسی قسم کی دہشتگردی کامیاب نہیں ہوسکتی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنی قوم کیلئے جان دینے والوں کا خاص رتبہ ہوتا ہے، غیر ملکی قوتیں پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں، بلوچستان میں اتنی ترقی ہوگی کہ دہشتگردوں کی کوئی بات نہیں سنے گا، سی پیک کے اگلے فیز میں سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری دنیامیں مہنگائی
کا سیلاب آیا ہوا ہے، پورا احساس ہے ہمارا تنخواہ دار طبقہ تکلیف میں ہے، پوری کوشش ہے لوگوں کی آمدنی میں اضافہ کریں، نجی سیکٹر اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرے، جیسے جیسے معیشت بہتر ہوگی، تنخواہوں میں اضافہ کرتے جائیں گے، کسی حکومت نے اتنے فنڈز بلوچستان میں نہیں لگائے جتنے ہم نے لگائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں