یا اللہ خیر، اومیکرون کے بعد فرانس میں کورونا وائرس کا ایک اور ویرینٹ سامنے آ گیا، یورپ میں خوف و ہراس

پیرس (پی این آئی) ایک طرف پوری دنیا میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے پھیلاؤ اور اس کے دباؤ نے خوف و ہراس کی فضا قائم کر رکھی ہے، ایسے پریشان کن حالات میں فرانس کے سائنسدانوں نے کورونا کا ہی ایک اور ویرینٹ ’آئی ایچ یو‘ دریافت کر لیا ہے اور اس خبر نے یورپ میں تہلکہ مچا دیا ہے۔ نیا دریافت ہونے والا آئی ایچ یو ویرینٹ پہلی بار پچھلے مہینے جنوبی فرانس میں پایا گیا تھا لیکن اب اس نے عالمی ماہرین کی توجہ حاصل کرنا شروع کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے شہر مارسیلی میں کم از کم 12 افراد آئی ایچ یو سے متاثر پائے گئے ہیں۔ مارسیلی میں مقیم میڈیٹرینی انفیکشن یونیورسٹی ہاسپٹل انسٹی ٹیوٹ کے محققین کے ذریعے یہ ویرینٹ دریافت کیا گیا۔ تحقیق کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس ویرینٹ میں 46 میوٹیشن ہیں، جو اومی کرون سے بھی زیادہ ہے ۔ رپورٹس کے مطابق اس سے یہ خدشہ پیدا ہو رہا ہے کہ آئی ایچ یو موجودہ ویکسین کے خلاف زیادہ مزاحمت کرسکتا ہے۔

تاہم ماہرین نے کہا ہے کہ اس کے اثرات کے بارے میں یقین کے ساتھ کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل24 نومبر 2021 کو اومی کرون ویرینٹ جنوبی افریقہ سے سامنے آیا تھا جو اب تک 100 ممالک میں پھیل چکا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں