اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نےسی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں کرسمس کی آمد پر تقریب میں شرکت کی کیک کاٹا اور اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے تمام مذاہب اور فرقوں سے دوستانہ تعلقات ہیں، اسلام آباد میں مسیحی کالونی کے بیان پر قائم ہوں، کالونی میں صرف مسیحی شہری ہی رہیں گے۔اس موقع پروزیر داخلہ شیخ رشید نے مسیحی ملازمین کیلئے 25،26 دسمبر کی چھٹی کااعلان کیا اور کہا کہ تمام مسیحی برادری کو 25 دسمبر سے پہلے تنخواہیں دے دینی چاہئیں،انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں انتہا پسندی کے واقعے پر شرمندہ ہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری کی رہائش کا مسئلہ حل ہونا چاہیے،
لوگ ایسی جگہوں پر رہ رہے ہیں جہاں انسان کا رہنا مناسب نہیں، میں اب سے ہر ماہ سی ڈی اے آیا کروں گا اور یہاں کے مسائل دیکھا کروں گا۔شیخ رشید نے کہا کہ کل 105 ارب روپے کا نالہ لئی منصوبہ منظور کرلیا گیا ہے، یہ منصوبہ11 ارب روپے سے شروع کیا تھا،26 سال بعد اب 105 ارب روپے کا ہوگیا ہے، ہوسکتا ہے نالہ لئی کے بعد اپنی سیاست کا بھی فیصلہ کرلوں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں