غلطیاں امریکا نے کیں لیکن قربانی کا بکرا پاکستان کو بنایا، وزیراعظم عمران خان برس پڑے

اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غلطیاں امریکا نے کیں لیکن قربانی کا بکرا پاکستان کو بنایا گیا۔لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ قربانیوں کا کریڈٹ دینے کے بجائے مغربی میڈیا نے الٹا پاکستان کو ڈبل گیم کھیلنے کے الزام میں بدنام کیا، امریکا کی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرایا۔

ان کا کہنا تھاکہ افغانستان کی جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے پرسب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا اور سارا نزلہ بھی پاکستان پر گرا۔وزیراعظم نے افغانستان کی جنگ میں امریکا کا اتحادی بننے کو پاکستان کا تاریک دور قرار دیا اور کہاکہ شرم کا مقام تھا کہ ہم ساتھ بھی دے رہے ہیں اور اتحادی ہم پر بمباری بھی کررہا ہے، ہمارے لوگ بھی مررہے ہیں اور قصوروار بھی ہمیں ٹھہرایا جارہا ہے جو نقصان پاکستان نے اٹھایا امداد اس کا چھوٹا سا حصہ بھی نہیں تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں