افغان کرکٹ بورڈ پاکستان کی میزبانی میں ون ڈے سیریز کا خواہش مند

کابل (آئی پی ایس )افغان کرکٹ بورڈ پاکستان کی میزبانی میں ون ڈے سیریز کا خواہش مند۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عزیز اللہ فاضلی نے کہا کہ وہ رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں پاکستان ٹیم کو ون ڈے سیریز کے لیے میزبانی کی پیشکش کریں گے۔عزیز اللہ فاضلی نے خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینے سے متعلق سوال پر واضح جواب دینے سے گریز کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کا

خطے میں کرکٹ کے حوالے سے اہم ممالک کے دورے کا بھی ارادہ ہے۔افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وہ 25 ستمبر سے پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ بھارت، بنگلادیش اور متحدہ عرب امارات جائیں گے جہاں وہ کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کریں گے جس میں وہ پاکستان کو اس سیریز کی میزبانی کی پیشکش کریں گے جو ستمبر میں سری لنکا میں کھیل جانی تھی۔افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ ہم افغانستان میں مستحکم کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں جو دیگر ممالک کے تعاون سے ممکن ہے۔دوسری جانب اے ایف پی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے بھی عزیز اللہ فاضلی

کے دورے کی تصدیق کی ہے۔واضح رہے کہ سری لنکا میں کورونا وبا اور لاجسٹک مسائل کی بنا پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان ستمبر میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز منسوخ کردی گئی تھی، دونوں ممالک کے درمیان یہ سیریز 2023 کے ورلڈکپ میں کوالیفائی کے لیے ون ڈے لیگ کا حصہ تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں