گوادر (پی این آئی) گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تکمیل کی تاریخ دے دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان جلد عالمی معیار کے ایک اور بین الاقوامی ائیرپورٹ کا مالک بن جائے گا۔ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں سی پیک منصوبے کے تحت بین الاقوامی ائیرپورٹ کی تعمیر شروع کی جا چکی ہے۔ منصوبے کا تعمیراتی کام زور و شور سے جاری ہے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کو 2023 تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن ہے۔ ائیرپورٹ کی تعمیر کا کام پورے زور و شور سے جاری ہے، ائیرپورٹ کو ستمبر 2023 میں آپریشنل کر دیا جائے گا، منصوبے پر کل 55 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئے گی۔ منصوبے کیلئے زیادہ تر فنڈز چین کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے۔ چین کی جانب سے منصوبے کی تعمیر کیلئے 34 ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ 2007 میں ابتدائی طور پر گوادر ائیرپورٹ 7 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔بعد ازاں 2015 میں منصوبے کو 22 ارب روپے کی لاگت سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تاہم کوئی عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔ پھر گزشتہ برس تحریک انصاف کی حکومت نے 147 فیصد زائد لاگت سے ائیرپورٹ کی تعمیر شروع کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری دی۔ فنڈز کی منظوری کے بعد گوادر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تعمیراتی کام کا آغاز ہو چکاہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں