دبئی(آئی این پی)عالمی سطح پر بھارت کو ایک اور ناکامی کا سامنا،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)نے بی سی سی آئی کی کشمیر پریمئیر لیگ (کے پی ایل )پر پابندی کی ڈرخواست مستردکردی ۔آئی سی سی نے کہا ہے کہ غیر بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹس پر اس کا کوئی دائرہ اختیار نہیں ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے کشمیر پریمیئر لیگ کی منظوری دے دی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے یہ ردعمل اس رپورٹ کے بعد آیا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر پریمیئر لیگ کو تسلیم نہ کرے جو 6اگست کو مظفر آباد میں شروع ہونیوالی ہے۔آئی سی سی ترجمان نے رابطہ کیے جانے پر واضح کیا کہ یہ ٹورنامنٹ آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا ہے کیونکہ یہ بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے کسی ایونٹ کی منظوری کا ضابطہ ، شق 2.1.3 کہتا ہے کہ ہر قومی کرکٹ فیڈریشن کو اپنے علاقے میں ڈومیسٹک میچوں کے انعقاد کی منظوری کا واحد اور خصوصی حق حاصل ہوگا۔آئی سی سی صرف شق 2.1.4 کے مطابق مداخلت کرسکتی ہے وہ بھی اس صورت میں اگر میچ کسی ایسوسی ایٹ رکن کے علاقے کے علاقے میں ہونے ہیں۔ایک کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے خط کی بنیاد خطے کی متنازعہ حیثیت ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ بھارت نے 1983 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اور 1986 میں آسٹریلیا کیخلاف بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ کشمیر کے دارلحکومت سرینگر میں 2 بین الاقوامی کرکٹ میچز کھیلے ہیں ۔ اس سے قبل ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں جن کی تصدیق جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر ہرشل گبز کے ایک ٹویٹ سے ہوئی کہ بی سی سی آئی غیر ملکی کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت سے روکنے کے لیے مختلف بورڈز سے رابطہ کر رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں