پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کی تیاریاں عروج پر، اسلام آباد یونائیٹڈ کے علاوہ کراچی کنگز کے آفیشلز نے بھی ازخود قرنطینہ کا سلسلہ شروع کر دیا

لاہور (این این آئی) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے علاوہ کراچی کنگز کے آفیشلز نے بھی ازخود قرنطینہ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جبکہ ٹورنامنٹ میں شریک ہونے والے تمام افراد کے دو کورونا ٹیسٹ ہوں گے جس کے بعد وہ بائیو سیکیور ببل میں داخل ہو

جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہورہا ہے جس کی تیاریاں اب عروج پر پہنچ چکی ہیں،اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم گزشتہ شب سیلف آئیسولیشن میں چلی گئی جبکہ دفاعی چیمپین کراچی کنگز کے آفیشلز کی طرف سے بھی از خود قرنطینہ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پہلا ٹیسٹ خود کرانا ہو گا جبکہ ہوٹل میں دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پرکرکٹرز و آفیشلز کیلئے تین دن کا قرنطینہ لازمی ہے جس کے بعد وہ بائیو سیکور ببل میں داخل ہوجائیں گے، ایونٹ کیلئے ٹیموں کی پریکٹس کا سلسلہ پیر سے شروع ہورہا ہے، نیشنل سٹیڈیم، اس سے ملحقہ حنیف محمد ریجنل ہائی پر فارمنس سینٹر اورمعین خان کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس کا اہتمام کیا جائے گا۔پی ایس ایل میں غیر ملکی کرکٹرز اور آفیشلز کی آمد کا آغاز جمعرات کو ہو گا، دفاعی چیمپین کراچی کنگز کے وکٹ کیپر بیٹسمین شیڈوک والٹن سب سے پہلے کراچی پہنچیں گے، جمعہ کو ملتان سلطانز کے اینڈی فلاور سمیت کوچنگ سٹاف کے ارکان بھی آ رہے ہیں، ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی کی ہفتے کو آمد متوقع ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں