فخر زمان دورہ نیوزی لینڈ سے باہر ہو گئے، بخار کی علامت ظاہر ہونے کے بعد فخر زمان کو مکمل طور پر آئسولیٹ کر دیا گیا

لاہور (آئی این پی)بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان قومی اسکواڈ کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانہ نہیں ہوں گے۔اتوار کے روز فخر زمان کو بخار کی علامات ظاہر ہوئیں، ٹیم ڈاکٹر کی جانب سے متعددمرتبہ چیک اپ کے باوجود فخر زمان کے بخار میں کمی نہیں آئی ، جس کے بعد ٹیم منیجمنٹ نے فیصلہ کیا ہے اسکواڈ میں شامل دیگر

کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر فخر زمان نیوزی لینڈ کے لیے قومی اسکواڈ کے ہمراہ 23 نومبر(آج) صبح نیوزی لینڈ روانہ نہیں ہوں گے۔بخار کی علامت ظاہر ہونے کے بعد فخر زمان کو مکمل طور پر آئسولیٹ کردیا گیا ۔اس حوالے سے پی سی بی کا میڈیکل پینل فخر زمان سے مسلسل رابطے میں ہے اور وہ ان کی مکمل صحت یابی تک ان سے رابطے میں رہے گا۔ٹیم منیجمنٹ نے فخر زمان کا متبادل نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے،دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل ٹیم ڈاکٹر اور پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہناہے کہ 21نومبر کو اسکواڈ کے دیگر اراکین کے ہمراہ فخر زمان کے لیے گئے کورنا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی تھی تاہم 22نومبر کو ان میں تیز بخار کی علامت ظاہر ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ فخر زمان میں بخار کی علامت ظاہر ہوتے ہی انہیں فوری طور پر دیگر اسکواڈ سے آئسولیٹ کردیا گیا تھا، فخرزمان سے مسلسل رابطے میں ہیں مگر ہم اسکواڈ میں شامل دیگر اراکین کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔قومی اسکواڈ 23 نومبر کی صبح 3 بجے لاہور سے نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں