قرآن مجید کا ترجمہ پڑھے بغیر ڈگری نہیں ملے گی، حکومت نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

لاہور (پی این آئی)قرآن مجید کا ترجمہ پڑھے بغیر ڈگری نہیں ملے گی،حکومت نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا.. پنجاب کی جامعات میں قرآن مجید کا ترجمہ پڑھے بغیر ڈگری نہیں ملے گی، پنجاب حکومت نے باقاعدہ نوٹیفیکشن جاری کر دیا، قرآن مجید کا نصاب اسلامیات کے مضمون کے علاوہ پڑھایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی کوششوں کے بعد پنجاب حکومت نے صوبے کی تمام جامعات میں قرآن پاک کا مضمون پاس کرنا لازمی قرار دے دیاہے۔بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔اب سے پنجاب کی تمام جامعات میں طلباء پر لازم ہو گا کہ وہ ترجمے کیساتھ قرآن مجید کے مضمون کو پاس کریں، ورنہ انہیں ڈگری نہیں ملے گی۔ پنجاب کی جامعات میں قرآن مجید کا مضمون اسلامیات کے مضمون کے علاوہ بطور لازمی مضمون پڑھایا جائے گا۔گزشتہ ماہ 27 رمضان المبارک کو گورنر پنجاب کے وژن کے تحت صوبے کی تمام جامعات میں قرآن پاک کی تعلیم ترجمے کیساتھ لازم قرار دے دی گئی تھی۔ قرآن کلاسز لینے والے طلباء کو فی ہفتہ ایک کریڈٹ آور دیا جائے گا۔ پنجاب کی تمام جامعات کے وائس چانسلرز نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ اس فیصلے پر عملدرآمد کروائیں گے۔ یہاں واضح رہے کہ گورنر پنجاب نے ایک ماہ قبل قرآنی تعلیمات کا ماڈیول تیار کرنے کیلئے وی سی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی میں جامعہ پنجاب، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور یونیورسٹی آف لاہور کے وائس چانسلر شامل تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں