چین نے صدر شی جنپنگ کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات سے دو روز قبل فوج کے دو اعلیٰ ترین جرنیلوں کو مبینہ بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر عہدوں سے برطرف کر دیا۔
چینی کمیونسٹ پارٹی نے جنرل ژانگ یوشیا اور جنرل لیو ژنلی کو فوجی عہدوں سے ہٹا دیا۔ جنرل ژانگ مرکزی فوجی کمیشن کے نائب چیئرمین اور صدر شی کے بعد فوج میں دوسرے اہم ترین عہدے پر فائز تھے جبکہ جنرل لیو جوائنٹ اسٹاف ڈپارٹمنٹ کے سربراہ رہ چکے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق دونوں پر پارٹی اصولوں اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی، اختیارات کے غلط استعمال، بدعنوانی اور ذاتی مفادات کے لیے گروہ بندی کے الزامات ہیں۔
تحقیقات کے مطابق دونوں نے عہدوں کا فائدہ اٹھا کر بعض افراد کی ترقی میں مدد کی اور رشوت وصول کی۔ ان کے خلاف تحقیقات جنوری 2026 میں شروع ہوئی تھیں اور اب معاملہ فوجی استغاثہ کے حوالے کیا جائے گا۔






