اسلام آباد (آن لائن) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی منصوبہ بندی ریاست میں انارکی پیدا کرنا ہے، جنید اکبر کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ یہ لوگ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ ماضی میں بھی اس طرح کے گروپ موجود تھے جن کا آج کوئی وجود نہیں، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، احتجاج کے تناظر میں جامع سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کے حوالے سے سامنے آنے والے بیانات سے ان کی اصل منصوبہ بندی کا اندازہ ہوتا ہے، پرامن احتجاج کے لیے اس طرح کے بیانات نہیں دیے جاتے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ان کے گھروں میں جلوس نکالے گئے، اس کے باوجود کہا گیا کہ کچھ نہیں کیا۔ دیگر سیاسی جماعتیں بھی احتجاج کرتی ہیں لیکن قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کیا جاتا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ جنید اکبر کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ یہ لوگ کیا کرنا چاہتے ہیں، 26 نومبر کو مسلح ہو کر آنے، اہلکاروں کو کچلنے اور اس کے بعد خود کو پرامن قرار دینے کا دعویٰ کیا گیا۔
طلال چوہدری نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی منصوبہ بندی ریاست میں انارکی پیدا کرنا ہے، ریاست ایسے عناصر سے نمٹے گی۔ ماضی میں بھی اس طرح کے گروپ موجود تھے جن کا آج کوئی وجود نہیں۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے تناظر میں جامع سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور وزیر داخلہ کی جانب سے اس حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا اور کوئی غیر قانونی اقدام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں ایسی کوئی چیز برداشت نہیں کی جائے گی جو غیر قانونی ہو یا جس سے جان و مال کو خطرہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ’’یہ کہتے ہیں سومنات بنادیں گے، ہمیں پتہ ہے انہوں نے خیبر پختونخوا کو سومنات بنادیا ہے، ہم اس طرح کی سوچ کو آگے نہیں بڑھنے دیں گے، انہوں نے خود بتادیا کہ ان کا اصل پلان کیا ہے۔‘‘






