لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ریاست کے مفادات کے تحفظ کے لیے جو کچھ کرنا پڑا کریں گے، عوام کے لیے تیل سستا کرنا میری ذمہ داری ہے۔ توانائی شعبے کے فیصلے قومی مفاد اور ملکی ضروریات کے مطابق کیے جا رہے ہیں، موجودہ صورتحال میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرانس میں تیل نایاب ہوچکا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ذمہ دار حکومت کی حیثیت سے عوام کو تیل کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی تیل منڈیوں میں بھونچال آیا ہوا ہے، کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور سپلائی پر اثر پڑ رہا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 90 فیصد جبکہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بھی ڈیزل کا گیلن 6 ڈالر سے بڑھ چکا ہے، فرانس میں پمپس پر پٹرول کی قلت ہوگئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 2 یورو 40 سینٹ سے بڑھ چکی ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ ایران جنگ شروع ہونے سے پہلے پاکستان میں پٹرول کی قیمت 260 اور ڈیزل کی قیمت 280 روپے فی لیٹر تھی، جبکہ دبئی کے خام تیل کی قیمت 71 ڈالر فی بیرل تھی، جو اس وقت 118 ڈالر فی بیرل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس ہے، وسائل کی تنگی کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔






