چھوٹے صوبے بنائیں لیکن وقت اور طریقہ کار آئینی و جمہوری ہونا چاہیے، خواجہ سعد رفیق

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چھوٹے صوبے بنائیں لیکن اس کے لیے درست وقت اور طریقہ کار آئینی و جمہوری ہونا چاہیے۔ دہشتگردی، سیاسی انارکی اور معاشی بدحالی کی آگ میں جلتے ہوئے پاکستان میں ان مہیب مسائل کو حل کرنے کی بجائے چھوٹے صوبوں کی تشکیل کو اولیت دینا غیر دانشمندانہ اقدام ہوگا اور اس وقت ایسا کرنا سیاسی نفرت، تلخی اور خلیج بڑھا دے گا۔

اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گورننس کو بہتر کرنا ہے تو سب سے پہلے آئینی تحفظ کے ساتھ این ایف سی طرز پر صوبائی فنانس کمشن بنائیں، بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام لائیں، صوبے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے حاصل شدہ قوت اضلاع کو منتقل کریں۔

انہوں نے کہا کہ سارا پاکستان کوہاٹ حملے کے ریاستی ردعمل کا منتظر ہے۔ مرکزی و صوبائی حکومتیں اور سکیورٹی ادارے مل کر ایک مربوط اور مؤثر حکمت عملی سامنے لائیں۔ قوم، تمام اسٹیک ہولڈرز اور ریاستی اداروں کو دہشتگردی کے خلاف یکجا ہوکر روبہ عمل دیکھنا چاہتی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دہشتگردی، غربت اور ناانصافی سے لڑنے کی بجائے ایک دوسرے سے لڑنے والے قوم کے نجات دہندہ نہیں ہوسکتے۔